بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی کو حکومت سازی اکثریت مل گئی

رطانوی عام انتخابات میں موجودہ وزیراعظم بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی کو حکومت سازی کے لیے درکار اکثریت مل گئی ہے۔

برطانیہ میں حکومت سازی کے لیے دارالعوام میں 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور عام انتخابات کے اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق ٹوری پارٹی نے کم از کم 355 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

بی بی سی کی پیشنگوئی کے مطابق کنزرویٹو پارٹی ایوان میں 364 نشستیں حاصل کر سکتی ہے جبکہ لیبر پارٹی کو 203، سکاٹش نیشنل پارٹی کو 48، لبرل ڈیموکریٹس کو 12، پلیڈ کیمرو کو چار جبکہ گرین اور بریگزٹ پارٹیوں کو ایک ایک نشست ملے گی۔

ان نتائج کی صورت میں کنزرویٹو پارٹی کو ایوان میں 78 ارکان کی اکثریت مل جائے گی جو کہ 1987 میں مارگریٹ تھیچر کی حکومت کے بعد سب سے بڑی اکثریت ہوگی۔

اپنی جماعت کی جیت پر وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ان نتائج سے انھیں ’بریگزٹ کے لیے مینڈیٹ مل گیا ہے۔‘ بورس جانسن کا کہنا تھا کہ وہ اگلے ماہ تک برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے۔