
بہاولپور میں تین روز قبل شہر میں چلائی گئی نئی گرین الیکٹرک بس پر بچوں کی جانب سے پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بس کا سائیڈ ونڈو گلاس ٹوٹ گیا۔
بس ڈرائیور نے معاملے کو سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ نمٹاتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور ایک بچے کو پکڑ لیا۔ بس انتظامیہ کے مطابق بچے کے والدین کو طلب کیا گیا، جنہوں نے نہ صرف واقعے پر افسوس کا اظہار کیا بلکہ بس کو پہنچنے والا نقصان بھی ادا کر دیا۔
بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے اور کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ انتظامیہ نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو عوامی املاک کے تحفظ کا شعور دیں تاکہ سرکاری سہولیات کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
شہریوں نے انتظامیہ کے ذمہ دارانہ رویے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ گرین الیکٹرک بس سروس شہر میں ماحول دوست سفری سہولت کے طور پر کامیابی سے جاری رہے گی