
بہاولپور(محمدسکندراعظم)برطانوی ہائی کمشنر بین وارگٹن کا اپنی ٹیم کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب بہاولپور کا دورہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات۔تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر مسٹر بین وارگٹن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بہاولپور میں ایڈیشنل چیف سکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں مختلف انتظامی اور باہمی امور کو زیر بحث لایا گیا اورجنوبی پنجاب میں گزشتہ سال کے شدید سیلاب کے اثرات اور کیے گئے ریلیف اقدامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں زراعت، تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک اور امپورٹ ایکسپورٹ پوٹینشل کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کی عوام الناس کی سہولیات کے لیے موثر کردار کو سراہا اور بہاولنگر میں حلال گوشت کی ایکسپورٹ کے لیے عالمی معیار کے سلاٹر ہاوس بنانے اور گوشت کی پیکجنگ کرنے بارے ایڈیشنل چیف سیکریٹری فواد ہاشم کی حکومت پنجاب کو دی گئی تجویز کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام سے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کی مانیٹرنگ میں کافی مدد ملی ہے، زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے بہاولپور اور ملتان ایگری مال کسانوں کو ایک ہی چھت تلے موثر سروسز فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے تمام اداروں میں الیکٹرانک فائلنگ سسٹم کے مفاد کا آغاز جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے ہوا، جس سے شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے میں بہت مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگی کے لیے ہمیں نئی نسل کو تعلیم، صحت، جدید نصاب اور مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر مسٹر بین وارگٹن نے تھل اور چولستان جیپ ریلی ایونٹس میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ایونٹس بین الاقوامی شہرت کے حامل ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے طویل مدت بعد بسنت فیسٹیول کے انعقادکی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں تعلیم، صحت، زراعت، لائیو اسٹاک اور سیاحت میں بھرپور پوٹینشل دیکھنے کو ملتا ہے اور سیڈ کوالٹی بہتر بنا کر اور جدید زرعی مشینری کے استعمال سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی بات چیت میں بتایا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں اینٹی ریپ سیل مؤثر سروسز فراہم کررہا ہیاور مجموعی طور پر حکومت پنجاب کے جنوبی پنجاب کے ترقیاتی کاموں کے دوررس ثمرات سامنے آئیں گے جن سے آئندہ کی نسلیں استفادہ کریں گی۔
بہاولپور( محمدسکندراعظم)ڈی ایچ اے بہاولپور میں حکومتِ پنجاب اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (TDCP) کی جانب سے منعقد ہونے والی 21ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 2026 کی افتتاحی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل محمد عقیل، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، کور کمانڈر بہاول پور تھے۔ ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے بہاولپور بریگیڈیئر خرم شہزاد باجوہ نے مشترکہ طور پر کیا۔تقریب کے دوران ٹی ڈی سی پی کی 2026 مہم کا آفیشل ٹیزر لانچ کیا گیا جبکہ چولستان ریلی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر صوفی اور ثقافتی پرفارمنسز نے تقریب کے رنگوں اور توانائی میں اضافہ کیا، جنہوں نے جنوبی پنجاب کی ثقافت، روایات اور روحانی ورثے کو خوبصورتی سے اجاگر کیا۔شرکاء نے ایونٹ کے شاندار انتظامات، دلکش ماحول اور ثقافتی ہم آہنگی کو سراہا۔تقریب میں کمشنر بہاولپورمسرت جبیں، منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا، بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان، جمخانہ، ڈاکٹرز، شاہی خاندان کے اراکین، صنعتکار، ریسرز، تاجر، سول و عسکری حکام سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔ریلی کے ایونٹس 11 سے 15 فروری 2026 تک چولستان کے وسیع و حسین میدانوں میں منعقد ہوں گے جن میں ملکی و غیر ملکی ریسنگ چیمپیئنز حصہ لیں گے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب، ٹی ڈی سی پی اور ڈی ایچ اے بہاولپور کی مشترکہ کاوشیں جنوبی پنجاب میں سیاحت، سرمایہ کاری اور کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
بہاولپور(محمدسکندراعظم)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر کی جیلوں میں اصلاحات اور قیدیوں خصوصاً نوعمر بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تناظر میں چیئرپرسن وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان اور رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ بلال نے بورسٹل انسٹیٹیوٹ آف جووینائل جیل بہاولپور کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات بہاول پور ریجن قاضی اسلم، سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل منصور اکبر سومرہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن ٹاسک فورس اور ایم پی اے سعدیہ بلال نے جیل میں قید نوعمر بچوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ادارے میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے رہائشی بیرکس، کچن، طبی مرکز، تعلیمی و تربیتی شعبہ جات اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر قیدی بچوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار، طبی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرپرسن ٹاسک فورس نے جیل انتظامیہ اور قیدی بچوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور بچوں کے مسائل توجہ سے سن کر ان کے فوری اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔رانا منان خان نے صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جیلوں میں اصلاحات کے لیے جامع اور عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بورسٹل جیل کی بہتری اور قیدی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ انہیں بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے اور وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔چیئرپرسن ٹاسک فورس نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اصلاحی وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیدی بچوں کو بہترین ممکنہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیل اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور قیدی بچوں کے مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جائے گا۔دورے کے اختتام پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ حکومتی پالیسی کے مطابق اصلاحی اقدامات پر عملدرآمد کو تیز کریں اور قیدی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے پروگراموں کو مزید فعال بنایا جائے۔درایں اثناء چیئرپرسن وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے نیو بورسٹل جووینائل انسٹیٹیوٹ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کی جیلوں کے معائنے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاح گاہیں بنایا جا رہا ہے اور تشدد سے متعلق شکایات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔اس سے قبل انہوں نے نیو سینٹرل جیل بہاولپور میں قائم فنی تعلیم مرکز کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف ٹریڈز میں تربیت حاصل کرنے والے اسیران سے ملاقات کی اور ان سے سوالات کیے۔ رانا منان خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قیدیوں کو سزا کے بعد معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بہاولپور(محمدسکندراعظم)چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نیو سینٹرل جیل بہاولپور کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد جیل انتظامات، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران چیئرپرسن رانا منان خان نے جیل کے فیکٹری ایریا اور وزٹنگ شیڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فیکٹری ایریا میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، کام کے ماحول اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے قیدیوں سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل توجہ سے سنے۔چیئرپرسن نے فیکٹری ایریا میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک اور طبی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیدیوں کی صحت اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی تاکہ جیل کا ماحول صحت مند اور معیاری بنایا جا سکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا منان خان نے کہا کہ پنجاب حکومت جیل اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اصلاحی وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر جیلوں میں سہولیات کی بہتری، اصلاحی پروگرامز اور قیدیوں کی بحالی کے اقدامات کو تیز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے قیدیوں کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کے بروقت حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور جیلوں میں انسانی حقوق کے تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے قیدیوں کے لیے بہتر خوراک، طبی سہولیات اور اصلاحی سرگرمیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔دورے کے موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات بہاولپور ریجن قاضی اسلم، سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل شہرام توقیر خان سمیت دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔ حکام نے چیئرپرسن کو جیل کے مختلف شعبہ جات اور جاری ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
بہاولپور(محمدسکندراعظم)ٹی ڈی سی پی کے زیرِ اہتمام 21ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 2026 کے موقع پر 14 فروری بروز ہفتہ کی شب دلوش ڈہر اسٹیڈیم، دراوڑ چولستان بہاولپور میں شاندار کلچرل نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس رنگا رنگ ثقافتی تقریب میں ملک کے نامور گلوکار ساحر علی بگا اپنی پرفارمنس پیش کریں گے اور حاضرین کو اپنے مقبول گیتوں سے محظوظ کریں گے۔ تقریب میں آتش بازی کا دلکش مظاہرہ بھی کیا جائے گا جبکہ ملی نغموں، ثقافتی پروگراموں، سرائیکی گائیکی، روایتی کلچرل ڈانس اور مقامی فنکاروں کی پرفارمنسز بھی پروگرام کا حصہ ہوں گی۔ اس کے علاوہ قومی سطح کے گلوکاروں اور مقامی سنگرز کی شرکت سے محفل کو چار چاند لگ جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ بہاولپور کے مطابق کلچرل نائٹ کا مقصد چولستان کی ثقافت، روایات اور سیاحت کو فروغ دینا اور عوام کو صحت مند تفریح فراہم کرنا ہے۔ تقریب میں معزز مہمانانِ گرامی، مقامی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ یاد رہے کہ 21ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے سلسلے میں مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد نہ صرف موٹر اسپورٹس کو فروغ دینا ہے بلکہ خطے کی ثقافتی پہچان کو بھی اجاگر کرنا ہے۔