
انڈونیشیا میں چھوٹا مسافر طیارہ حادثے کا شکار، تمام 11 افراد ہلاک
انڈونیشیا میں آج صبح ایک چھوٹا علاقائی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق انڈونیشیا ایئر ٹرانسپورٹ کا علاقائی طیارہ اے آر ٹی 42-500 یوگیا کارتا سے مکاسر (جنوبی سولاویسی) کے لیے روانہ ہوا تھا۔ طیارے میں 3 مسافر اور 8 عملے کے ارکان سوار تھے۔
رپورٹ کے مطابق پرواز کے دوران ایئرپورٹ سے تقریباً 12 میل کے فاصلے پر طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کا ملبہ پہاڑی علاقے لیانگ لیانگ، ضلع ماروس میں دیکھا گیا ہے۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔