
پاکستان کی معروف اور سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے ایک دہائی کے طویل وقفے کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر واپسی کر لی ہے۔
حال ہی میں عشرت فاطمہ نے پی ٹی وی کے ایک نیوز بلیٹن میں اپنے سابق ساتھی اور شاگرد زبیر احمد صدیقی کے ہمراہ اسکرین پر جلوہ گر ہو کر ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ اس موقع پر زبیر احمد صدیقی نے اپنی استاد اور مینٹور کو دوبارہ پی ٹی وی پر دیکھ کر نہ صرف ماضی کی یادیں تازہ کیں بلکہ انہیں شاندار انداز میں خوش آمدید بھی کہا۔
عشرت فاطمہ کی واپسی کو ناظرین اور میڈیا حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور اندازِ پیشکش کی تعریف کی جا رہی ہے۔ ان کی پی ٹی وی اسکرین پر واپسی کو قومی نشریاتی ادارے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے