
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا بروقت اور مکمل طبی معائنہ کیوں نہیں کروایا گیا، اس کی باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔
گجرات پریس کلب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی زیر حراست سیاسی رہنما کی صحت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج میں تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہیے۔
انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی حالیہ گفتگو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر کی بات چیت کو سوشل میڈیا کلپ یا غیر رسمی ویڈیو قرار دینا درست نہیں، کیونکہ وہ سرکاری سطح پر نشر کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں علاقائی اور مقامی مسائل پر تمام اراکین سنجیدگی سے گفتگو کر رہے تھے۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اور موجودہ حالات جیسے حساس معاملات میں غیر سنجیدہ یا ہنسی مذاق پر مبنی گفتگو کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، اس لیے اس حوالے سے پھیلائی جانے والی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے