
امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ شکست تسلیم نہ کرنے کی صورت میں مزید سخت حملے کیے جائیں گے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق ایران کو غلط اندازے نہیں لگانے چاہییں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثابت کیا کہ امریکا دنیا کی مضبوط ترین قوت ہے اور وہ دھمکیاں نہیں دیتے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے شکست نہ مانی تو اسے مزید نقصان پہنچایا جائے گا، جبکہ ماضی میں بھی غلط فیصلوں کے باعث ایران کی قیادت، بحریہ اور فضائیہ کو نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آپریشن “ایپک فیوری” کے دوران 9 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا گیا، 90 فیصد میزائل اور ڈرونز تباہ کیے گئے اور 140 سے زائد بحری جہاز بھی تباہ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات خفیہ ہیں، تاہم نائب صدر جے ڈی وینس اس عمل میں شریک رہے ہیں، جبکہ 5 روزہ مہلت میں توسیع کا اختیار صدر کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے اور جنگ کے خاتمے کے بعد فیول کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے