
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ایک دور پاکستان برداشت کر گیا، دوسرا نہیں کرسکتا۔ میں نہیں کہتا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہوگئی، بانی پی ٹی آئی کی سیاست کو 9 مئی سے نقصان ہوا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم تیر کا راستہ روکنا چاہ رہے تھے، وہ شیر کا راستہ روکنا چاہ رہے تھے، خوش آئند ہوتا کہ ایک جماعت سادہ اکثریت لے لیتی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت اس پوزیشن میں نہیں کہ حکومت بنا لے۔
پروگرام میں شریک شعیب شاہین کی بات پر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ شعیب شاہین نے کوئی بات نہیں کرنی صرف رونا ہے، پی ٹی آئی کو عادت ہے مینڈیٹ چوری کرنے کی، 2018 میں بھی مینڈیٹ چوری ہوا۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ کوئی آزاد امیدوار کامیاب ہو تو اسکے پاس اختیار ہے وہ کسی بھی جماعت کو جوائن کرلے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو فیصلہ کرنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کون ہوں گے۔