پی ٹی آئی کے کونسے روپوش رہنما منظر عام پر آگئے

33

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کو تحریک انصاف نے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا تو انہوں نے چند روز قبل اپنی روپوشی ختم کی اور اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے لیے منظر عام پر آئے۔ انہوں نے پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت لے رکھی ہے۔

پنجاب میں تحریک انصاف کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار میاں اسلم اقبال بھی بدھ کو اپنی روپوشی کو ختم کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ جا پہنچے، جہاں انہوں نے راہداری ضمانت کے لیے رجوع کیا۔ واضح رہے کہ میاں اسلم اقبال اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی منظر عام پر نہیں آئے تھے۔

سینیٹر فیصل جاوید 9 مئی سے روپوشی اختیار کیے ہوئے ہیں تاہم ایک مرتبہ انہوں نے تحریک انصاف کے ورچوئل جلسے میں شرکت کی تھی۔ منگل کو وہ بھی پشاور ہائیکورٹ اور پھر بدھ کو اسلام آباد کی مقامی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سینیٹر شبلی فراز نے بھی اپنی راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے تاہم وہ تاحال منظر عام پر نہیں آئے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد امیدوار علی امین گنڈاپور اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی روپوش رہے تاہم وزیراعلیٰ کے لیے نامزدگی کے بعد انہوں نے روپوشی ختم کی اور اسپیکر ہاؤس پشاور میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی سینیئر قیادت عاطف خان، شہرام ترکئی اور کامران بنگش بھی کئی ماہ تک روپوش رہنے کے بعد انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد منظر عام پر آئے ہیں۔

سینیٹر عون عباس بپی جو پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر تھے، منگل کو سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے پائے گئے، جہاں انہوں نے روپوشی کے دوران گزرنے والے واقعات پر جذباتی تقریر کی۔

9 مئی واقعے کے بعد سینیٹر عون عباس بپی بھی منظر عام سے غائب تھے اور کئی مقدمات میں نامزد ملزم ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر حماد اظہر، سینیٹر اعظم سواتی اور مراد سعید تاحال روپوش ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حماد اظہر اور اعظم سواتی آنے والے دنوں میں منظر عام پر آسکتے ہیں تاہم مراد سعید کب منظر عام پر آئیں گے اس حوالے سے تاحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ