حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں خصوصی افراد کے لیے ہمت کارڈ اور بیت المال کے تحت نگہبان کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے اسپیشل افراد کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں معذوری کے ساتھ کام کرنے والے افراد کے لیے قرضہ اسکیم کا اجراء بھی کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں معذور افراد کو وہیل چیئر اور دیگر مددگار آلات مہیا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی افراد کو مالی خود مختاری کے لیے 1 سے 2 لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا۔
ہر ڈویژن میں خواتین پر تشدد کے سد باب کے لیے وی اے ڈبلیو سی سینٹر بنانے کی اجلاس میں منظوری دی گئی۔
اجلاس میں لاہور، ملتان، فیصل آباد کے اسکلز ڈیولپمنٹ سینٹرز فعال کرنے اور دیگر اضلاع میں قائم کرنے، اسپیشل افراد کے لیے کام کرنے والی این جی اوز کے آڈٹ کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس میں سرکاری عمارتوں میں خصوصی افراد کے لیے ریمپ اور باتھ روم کی سہولت پر عمل درآمد کی رپورٹ طلب کی گئی اور ہر نئی سرکاری بلڈنگ میں خصوصی افراد کے لیے باتھ روم اور ریمپ لازمی قرار دیا گیا۔
اجلاس میں ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ٹاسک فورس بنانے کی سفارشات پر غور کیا گیا، ہر ڈویژن میں منشیات بحالی سینٹرز کے قیام کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی۔