پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک سے کہا ہے کہ اسلامی سربراہی کانفرنس اور گزشتہ ماہ سعودی عرب میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیرمعمولی اجلاس میں طے پائے گئے فیصلوں کے مطابق تمام او آئی سی ممالک کو اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کا جواب دینے کے لیے ایک واضح اور جرات مندانہ منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
کیمرون کے شہر یاؤنڈے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 50ویں اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ کی سربراہی میں جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب، ترکی، نائیجر، آذربائیجان، او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی۔