
پاکستان کے ایئر چیف سے ملاقات میں عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں میں ’’گہری دلچسپی‘‘ کا اظہار کیا اور پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ یہ بات ہفتے کے روز فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل (اے سی ایم) ظہیر احمد بابر سدھو، جو اس وقت عراق کے دورے پر ہیں، نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر میں ہوئی جہاں اے سی ایم سدھو کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی، جس میں مشترکہ تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور آپریشنل تعاون بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اے سی ایم سدھو نے گفتگو کے دوران پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے عراقی فضائیہ کی تربیت اور صلاحیت سازی میں پاکستان فضائیہ کی مکمل معاونت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں فضائی افواج نے باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ مشقیں اور تربیتی اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر عراقی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی ترقی کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان فضائیہ کی عالمی معیار کی تربیت سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں اور سپر مشاق تربیتی طیاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
عراقی کمانڈر نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ دونوں فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعلقات اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے
جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کی مشترکہ کاوش سے تیار کیے گئے ہیں۔ رواں ہفتے کے آغاز میں بنگلہ دیش نے بھی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
ادھر ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں جن کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تقریباً 2 ارب ڈالر کے سعودی قرضے کو جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کے معاہدے میں تبدیل کرنے پر بات چیت جاری ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون مزید گہرا ہو سکتا ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے گزشتہ سال باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کے چند ماہ بعد سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ 1973 کے آئین کی بنیاد پر ملک کی ازسرِنو تعمیر اور تشکیل کا ...