
ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والی شدید سرد لہر کے باعث لاہور میں رواں ماہ کے آخر میں برفباری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ایک انتہائی نایاب موسمی واقعہ ہو سکتا ہے۔
طویل المدتی عالمی موسمی ماڈلز کے مطابق سائبیرین ہواؤں کے ایک طاقتور سلسلے کے باعث پاکستان میں غیر معمولی حد تک درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، جو ماہرین کے مطابق تقریباً ایک صدی میں ایک بار سامنے آنے والے موسمی حالات سے مماثلت رکھتی ہے۔
یورپین سینٹر فار میڈیم رینج ویدر فورکاسٹس (ECMWF)، گلوبل فورکاسٹ سسٹم (GFS) اور ویدر آئیکون ماڈلز کی پیشگوئیوں کے مطابق 16 سے 25 جنوری 2026 کے درمیان ایک غیر معمولی سرمائی نظام پاکستان کو متاثر کر سکتا ہے، جبکہ اس کی شدت 20 سے 25 جنوری کے دوران عروج پر پہنچنے کا امکان ہے۔
موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور میں 5 انچ تک برفباری ہو سکتی ہے، جو شہر کی تاریخ میں ایک نایاب واقعہ ہوگا۔ پیشگوئی کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت مائنس 2 سے مائنس 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو لاہور میں 1878 کے بعد پہلی بار برفباری ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق فضائی دباؤ میں نمایاں تبدیلی، جیٹ اسٹریم کی آمد اور مغربی ہواؤں کے متعدد سلسلے پہلے درجہ حرارت میں شدید اتار چڑھاؤ پیدا کریں گے، جس کے بعد وسطی ایشیا اور سائبیریا سے آنے والا ایک طاقتور کم دباؤ کا نظام شدید سرد ہوائیں پاکستان میں داخل کرے گا۔
شدید سرد لہر کے اثرات پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ کے نچلے علاقوں اور بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں محسوس کیے جائیں گے۔ کئی ایسے علاقے جہاں عام طور پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے نہیں جاتا، وہاں بھی منفی درجہ حرارت متوقع ہے۔
دیگر پیشگوئیوں کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہری علاقوں میں بھی برفباری ہو سکتی ہے اور درجہ حرارت مائنس 5 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جانے کا خدشہ ہے۔ مری میں درجہ حرارت مائنس 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے اور 2 سے 4 فٹ تک شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں درجہ حرارت مائنس 15 سے مائنس 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جہاں تیز ہواؤں کے باعث صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ کراچی میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو آخری بار 1929 میں ریکارڈ ہوا تھا۔
گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور پشاور میں بھی برف یا ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی، برفباری اور سخت پالا پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے