
اسپین کے جنوبی علاقے میں تیز رفتار مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حادثہ اتوار کی شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ (مقامی وقت) پیش آیا، جب مالاگا سے دارالحکومت میڈرڈ جانے والی ایک مسافر ٹرین، جس میں تقریباً 300 مسافر سوار تھے، پٹری سے اتر گئی۔ ریلوے آپریٹر Adif کے مطابق ٹرین کا پچھلا حصہ پٹری سے اترنے کے بعد میڈرڈ سے جنوبی شہر ہیلووا جانے والی ایک دوسری ٹرین سے ٹکرا گیا۔
ٹرینوں کا یہ تصادم صوبہ قرطبہ کے قصبے آدموز کے قریب پیش آیا، جو میڈرڈ سے تقریباً 370 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔
اسپینش پولیس کے مطابق حادثے میں 152 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک جبکہ 24 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پونتے نے کہا ہے کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد ابھی سامنے نہیں آئی۔
حادثے کے بعد آدموز میں ایک اسپورٹس سینٹر کو عارضی اسپتال میں تبدیل کر دیا گیا، جبکہ اسپینش ریڈ کراس نے امدادی خدمات اور لاپتہ افراد سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ سینٹر قائم کیا۔ سول گارڈ اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے رات بھر جائے حادثہ پر ریسکیو کارروائیاں جاری رکھیں۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق پہلی ٹرین کا پچھلا حصہ پٹری سے اتر کر دوسری ٹرین کے اگلے حصے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دوسری ٹرین کی ابتدائی دو بوگیاں پٹری سے اتر کر تقریباً 4 میٹر گہری ڈھلوان میں جا گریں۔ تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے