
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ایک چینی ریسٹورنٹ میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا ریسٹورنٹ کے کچن کے قریب ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ جاں بحق افراد میں ایک چینی نژاد مسلم شہری عبدالماجد اور 6 افغان شہری شامل ہیں۔ عبدالماجد کا تعلق چین کے علاقے سنکیانگ سے تھا۔
یہ ریسٹورنٹ چینی نژاد مسلم شہری عبدالماجد اور افغان شہری عبدالجبار مشترکہ طور پر چلا رہے تھے۔ دھماکے کے وقت ریسٹورنٹ میں متعدد افراد موجود تھے جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں 4 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
افغان حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ دھماکے کے بعد کابل میں چینی شہریوں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے