ملک میں بارش و برفباری زندگی مفلوج

2

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بالائی علاقوں میں زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہیں۔

استور میں گزشتہ رات سے مسلسل برفباری جاری ہے، جس کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ اسکردو شہر اور گردونواح میں بھی شدید برفباری کے سبب بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جبکہ روزمرہ سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

دیر شہر میں برفباری نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، سیاحتی مقام کمراٹ اور لواری ٹنل میں دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ ڈوگدرہ اور کوہستان میں رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ شہر میں رات سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے۔

مالم جبہ میں تین فٹ اور کالام میں ڈھائی فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ کوہستان میں پٹن ایف ڈبلیو کیمپ کے قریب راولپنڈی سے گلگت جانے والی بسیں برف میں پھنس گئیں، جن میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔

ہنزہ اور نگر میں بھی برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جبکہ وادی چیپورسن میں خیموں میں مقیم زلزلہ متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں گزشتہ روز سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے، تاہم گلیات اور مری میں رات بھر شدید برفباری ہوتی رہی، جس کے بعد پھلگراں ٹول پلازا سے مری کی جانب ہر قسم کی ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ ادھر کراچی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ