
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی کو گھر بھیجنا ہوگا، دہشت گردوں کے حامیوں اور سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
چارسدہ میں باچا خان اور عبدالولی خان کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ دہشت گردوں کے حامیوں کو سزا دی جانی چاہیے اور جن لوگوں نے دہشت گردوں کو واپس لا کر بسایا وہ قوم کے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
اے این پی کے مرکزی صدر نے 8 فروری کے عام انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا، تاہم پارٹی جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی ناگزیر ہے۔
ایمل ولی خان نے فلسطین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ اہلِ فلسطین کی مرضی اور خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے اور عالمی برادری کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا