
کراچی کے علاقے صدر میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ نبی بخش تھانے میں سرکار کی مدعیت میں غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ تاحال نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے تعین کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے بڑے کاروباری شاپنگ سینٹرز میں شمار ہونے والا گل پلازا گزشتہ ہفتے لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔ اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے 20 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ تمام 71 لاشوں کے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شناخت کے عمل اور قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں۔
سانحہ گل پلازا نے شہر بھر میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے