برطانوی صحافی سر مارک ٹلی 90سال کی عمر میں انتقال کر گئے

12

برطانوی براڈ کاسٹر اور ممتاز صحافی سر مارک ٹلی 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے لیے بھارت سے طویل عرصے تک رپورٹنگ کرتے رہے اور ’’وائس آف انڈیا‘‘ کے نام سے جانے جاتے تھے۔

سر مارک ٹلی کو بھارت سے متعلق خبروں کا معتبر ترین رپورٹر اور تبصرہ نگار سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے دہائیوں پر محیط صحافتی کیریئر میں بھارت کے سیاسی، سماجی اور مذہبی معاملات کو غیر معمولی گہرائی کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا۔

1992 میں ایودھیا میں بابری مسجد پر ہندو انتہا پسندوں کے حملے کے وہ عینی شاہد تھے۔ اس موقع پر انتہا پسند عناصر کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد انہیں کئی گھنٹے ایک کمرے میں محصور رہنا پڑا۔ بعد ازاں سر مارک ٹلی نے بابری مسجد کی شہادت کو برطانیہ سے آزادی کے بعد بھارت میں سیکولرازم کو پہنچنے والا ’’سب سے بڑا دھچکا‘‘ قرار دیا تھا۔

سر مارک ٹلی نے اپنے کیریئر کے دوران بھارت میں قحط، فرقہ وارانہ فسادات، قتل و غارت، بھوپال گیس سانحہ اور سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر بھارتی فوج کے حملے جیسے اہم اور حساس واقعات کی رپورٹنگ کی۔

ان کی وفات پر صحافتی حلقوں، دانشوروں اور سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ انہیں بے باک، غیرجانبدار اور اصولی صحافت کی علامت قرار دیا جا رہا ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ