
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے پارلیمانی وفد کو سرکاری خرچ پر روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کیلئے بھیجنے کی تجویز منظور کرلی۔ کمیٹی کے مطابق وفد پاکستانی عوام کی جانب سے سلام عرض کرے گا۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ پارلیمانی وفد ہر سال مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ جائے گا اور پاکستانی عوام کی طرف سے عمرہ ادا کرے گا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس سے قبل بھی پارلیمانی وفد پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دے چکا ہے۔ تجویز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی وفد کے ارکان نامزد کریں گے، جبکہ اسپیکر کی عدم موجودگی میں چیئرمین قائمہ کمیٹی وفد کی سربراہی کریں گے۔
رکن کمیٹی اعجاز الحق کی تجویز پر وفد کے ارکان کی تعداد 7 کے بجائے 10 کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفد کے اخراجات قومی اسمبلی برداشت کرے گی۔
چیئرپرسن کمیٹی شگفتہ جمانی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ماضی میں 15، 15 افراد پر مشتمل وفود کے ساتھ جاتے رہے ہیں، اس لیے اس پارلیمانی وفد کے اخراجات بھی قومی اسمبلی کو اٹھانے چاہئیں۔ کمیٹی ارکان نے اس مؤقف کی حمایت کی۔
کمیٹی نے سفارش کی کہ سعودی عرب میں پاکستان ہاؤس کی تعمیر مکمل ہونے تک وفد کو سرکاری خرچ پر ہوٹل میں قیام کی سہولت دی جائے۔ تاہم واضح کیا گیا کہ اگر ارکان اپنے رشتہ داروں کو ساتھ لے جانا چاہیں تو ان کے اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔
اجلاس میں یہ ہدایت بھی دی گئی کہ وفد کو اسٹیٹ گیسٹ قرار دینے کے لیے دفتر خارجہ کے نمائندے کو بلایا جائے