
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک مبینہ نوٹیفکیشن نے والدین، اساتذہ اور طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑا دی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بسنت کے موقع پر یکم سے 10 فروری 2026 تک صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تاہم حکومتِ پنجاب نے ان خبروں کو بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بسنت کے حوالے سے اسکولوں میں تعطیلات بڑھانے کا کوئی سرکاری فیصلہ نہیں کیا گیا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے اور اس کا حکومت یا کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے معمول کے مطابق اپنے طے شدہ شیڈول کے تحت کھلے رہیں گے۔
حکام نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن یا سرکاری ذرائع سے رجوع کریں