وزیراطلاعات نے استعفی دینے کا فیصلہ کر لیا

15

لاہور میں ماں بیٹی کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کے بعد پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو عہدے سے سبکدوش ہونے کی پیشکش بھی کی، تاہم وزیر اعلیٰ نے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عظمیٰ بخاری نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر ان کے استعفے سے مسئلہ حل ہوتا ہے تو وہ استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس تاثر کو فروغ دیا جا رہا ہے جیسے اس واقعے کی براہِ راست ذمہ داری انہی پر عائد ہوتی ہو۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کی واحد غلطی یہ تھی کہ انتظامیہ کی جانب سے جو اطلاعات انہیں فراہم کی جا رہی تھیں، جن میں ریسکیو اور نکاسیٔ آب کے اقدامات سے متعلق تفصیلات شامل تھیں، وہی معلومات انہوں نے میڈیا کے ساتھ شیئر کیں۔ ان کے مطابق بعد ازاں انہی اطلاعات کو بنیاد بنا کر انہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو غیر ضروری تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ بھی زیادتی کی گئی اور انتظامی افسران کی کوتاہیوں کا بوجھ انہیں اٹھانا پڑا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سانحے پر وہ خود بھی شدید رنجیدہ ہیں اور متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔

واضح رہے کہ اس واقعے پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ حکومتی سطح پر ذمہ داران کے تعین اور واقعے کی تحقیقات کا عمل بھی جاری ہے

مزید خبریں

آپ کی راۓ