بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین اور مودی کی یاری ثابت

40

نئی دہلی / واشنگٹن:

امریکا میں جنسی جرائم کے بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین سے منسوب ای میلز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا نام سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس پر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے شدید ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم پر کڑی تنقید کی ہے۔

کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایپسٹین سے منسوب ای میل میں نریندر مودی کے ساتھ روابط کا ذکر بھارت کے قومی وقار اور بین الاقوامی ساکھ کے لیے نہایت شرمناک ہے، اور وزیراعظم کو اس معاملے پر قوم کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔

کانگریس کے مطابق ای میل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی نے ایپسٹین سے مشورہ لیا اور اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی صدر کے مفاد کے لیے مخصوص سرگرمیوں میں حصہ لیا، جس کے بارے میں ای میل میں کہا گیا کہ یہ حکمتِ عملی کامیاب رہی۔

اپوزیشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ ای میل جولائی 2017 میں وزیراعظم مودی کے اسرائیل کے دورے کے تین روز بعد لکھی گئی، جبکہ اس سے قبل جون 2017 میں نریندر مودی نے امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔

کانگریس رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ ان ای میلز سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وزیراعظم مودی اور جیفری ایپسٹین کے درمیان تعلقات گہرے اور پرانے تھے۔ اپوزیشن نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم واضح کریں وہ ایپسٹین سے کس نوعیت کا مشورہ لے رہے تھے، اسرائیل کے دورے کا اصل مقصد کیا تھا اور اس سے امریکی صدر کو کیا فائدہ پہنچا۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ محض سیاسی معاملہ نہیں بلکہ قومی وقار کا سوال ہے، اور وزیراعظم کو پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے اس معاملے کی وضاحت دینی چاہیے۔

تاحال بھارتی حکومت یا وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ