
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سنگین واقعات پر ’مٹی پاؤ‘ کا دور ختم ہوچکا ہے اور اب پنجاب کی بیٹیوں کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ہنستا بستا گھرانہ اُجاڑنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ان کا مشن ہے۔
سانحہ بھاٹی گیٹ پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعدیہ اور ان کی معصوم بچی کے زخم دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ زخم صرف ایک خاندان نہیں بلکہ پورے پنجاب کے ماتھے پر لگے ہیں اور حکومت ذمہ داروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے فوری نوٹس کے بعد سانحہ بھاٹی گیٹ کے مقام کو ’ڈیتھ ٹریپ‘ سے محفوظ زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سائٹ کو جدید سیفٹی پروٹوکولز سے ڈھانپ دیا گیا جبکہ حفاظتی اقدامات کے بغیر کام پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سانحہ بھاٹی گیٹ کی تفتیش نجی کمپنی تک محدود نہیں رہی بلکہ اب ’نااہل افسران‘ کے گریبانوں تک پہنچ چکی ہے۔ حادثے میں جاں بحق خاتون اور بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کیس میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کا تدارک یقینی بنایا جا سکے