
پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہونے کی تصدیق کے بعد سری لنکا جانے والی پروازوں کے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دونوں روایتی حریف آر پریماڈاسا اسٹیڈیم میں بھارتی وقت کے مطابق شام 7 بجے آمنے سامنے ہوں گے، جس کے باعث شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے سفر کی تیاری شروع کر دی ہے۔
میچ کی تاریخ سامنے آتے ہی بھارت کے مختلف بڑے شہروں سے کولمبو جانے والی فلائٹس کے نرخ تین گنا تک بڑھ گئے ہیں۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات سے سری لنکا کا سفر بھی مہنگا ہو گیا ہے، جہاں ٹکٹوں کی قیمت 1900 سے 2400 درہم تک پہنچ چکی ہے، جبکہ عام دنوں میں یہی کرایہ 1200 سے 1500 درہم کے درمیان ہوتا تھا۔
ممبئی سے کولمبو کی براہِ راست اکانومی کلاس ٹکٹ عام طور پر 880 سے 1480 درہم تک دستیاب ہوتی ہے، تاہم 14 سے 16 فروری کے دوران یہی قیمت بڑھ کر تقریباً 2367 درہم تک جا پہنچی ہے۔ بعض ایئر لائنز نے اس سے بھی زیادہ کرایے مقرر کر دیے ہیں، جن میں ایئر انڈیا تقریباً 4792 درہم اور انڈیگو 3589 درہم تک وصول کر رہی ہے، جبکہ سستے ترین کنیکٹنگ آپشنز بھی لگ بھگ 2769 درہم میں مل رہے ہیں۔
دہلی سے روانگی کی صورت میں بھی یہی رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ عام دنوں میں ایک طرفہ اکانومی کرایہ 1000 سے 1550 درہم کے درمیان ہوتا ہے، مگر میچ کے دنوں کے لیے راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ تقریباً 4845 درہم تک پہنچ چکا ہے۔ سری لنکن ایئرلائنز نے بھی 4066 اور 4431 درہم تک کے پیکجز متعارف کرائے ہیں۔
جنوبی بھارتی شہروں، جیسے چنئی، بنگلورو اور حیدرآباد سے بھی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ معمول کے مطابق ایک طرفہ اکانومی کرایہ 600 سے 1150 درہم کے درمیان ہوتا ہے، تاہم میچ کے ویک اینڈ پر انڈیگو اور سری لنکن ایئرلائنز کی پروازوں کے نرخ 2155 سے 3664 درہم تک پہنچ گئے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرا ہمیشہ عالمی توجہ کا مرکز بنتا ہے، اور اسی جوش و خروش کے باعث اس مرتبہ بھی فضائی سفر کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے