مشہد میں آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

15

مشہد: ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ مشہد میں ادا کر دی گئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کر کے انہیں عقیدت و احترام کے ساتھ آخری الوداع کہا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای، ان کی صاحبزادی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری، بہو زہرا حداد اور تقریباً ڈیڑھ سالہ نواسی زہرا محمدی کے تابوت لاکھوں سوگواروں کے جلوس کے ہمراہ روضۂ امامِ رضاؑ تک پہنچائے گئے۔

جلوسِ جنازہ کے دوران مشہد کی سڑکوں پر انسانوں کا سمندر اُمڈ آیا۔ مرد، خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء ایرانی پرچم، شہداء کی تصاویر اور انتقام کے مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

اس سے قبل آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی نجف سے خصوصی طیارے کے ذریعے مشہد پہنچایا گیا، جہاں ایرانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے طیارے کو حفاظتی حصار میں ایئرپورٹ تک پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق اس سے پہلے آیت اللہ خامنہ ای کی میت کو کربلا میں روضۂ امام حسینؑ اور روضۂ حضرت عباسؑ پر بھی لے جایا گیا، جہاں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

گورنر آفس کے مطابق جلوسِ جنازہ میں 70 لاکھ سے زائد سوگواروں نے شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای 28 فروری کو تہران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی میزائل حملوں میں شہید ہوئے تھے

مزید خبریں

آپ کی راۓ