بہاولپور شہر میں ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس کے شہریوں کیساتھ بدسلوکی کے واقعات

7

بہاولپور: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن کی آ ڑ میں چھوٹے تاجروں اور محنت کش طبقے کے ساتھ بد سلوکی اور معاشی استحصال کے خلاف انجمن تاجران بہاولپور کی بہاولپور پریس کلب بہاولپور میں ہنگامی پریس کانفرنس۔صدر چیمبر آ ف کامرس،صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،انجمن تاجران کے صدور،مذہبی و سیاسی تنظیموں کے نمائندگان کی کثیر تعداد میں شرکت۔مشترکہ اعلامیہ میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی بہاولپور کی برطرفی تک تمام سرکاری تقریبات اور سرگرمیوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان۔تفصیل کے مطابق خطے میں جاری جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے ایندھن کے بحران سے نمٹنے کے لئیے پنجاب حکومت کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔بہاولپور کی ضلعی انتظامیہ بالخصوص اسسٹنٹ کمشنر سٹی بہاولپور اور پیرا فورس کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ میں اختیارات سے تجاوز اور بلاجواز تشدد کے واقعات سامنے آئے جس کے خلاف انجمن تاجران کی جانب سے بہاولپور پریس کلب بہاولپور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں انجمن تاجران،چیمبر آ ف کامرس،ڈسٹرکٹ و ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدور کے علاوہ مذہبی و سیاسی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔شرکاء نے الزام عائد کیا کہ لاک ڈاؤن کی آڑ میں دکانداروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، بلاجواز جرمانے اور تشدد کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے تاجر برادری شدید پریشانی کا شکار ہے۔سردرا نجیب اللہ خان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور کا انجمن تاجران کے قائدین سے ناروا سلوک قابل قبول نہیں۔امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے نفاذ میں عوام کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرنا چاہیے۔امیر ضلع جماعت اسلامی نصراللہ ناصر کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر کا عوام سے ناروا سلوک غلامانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کاروباری حالات خراب ہیں اور ایسے اقدامات سے تاجروں کا معاشی استحکام مزید متاثر ہو رہا ہے۔اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا کہ بہاولپور کے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔اعلامیہ میں زور دیا گیا کہ قانون کے نفاذ کے نام پر کسی شہری کے ساتھ بدسلوکی،تشدد یا تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق تاجر برادری،وکلاء مذہبی جماعتیں،سیاسی و مذہبی جماعتیں متحد ہو کر اس ظلم کے خلاف آ واز بلند کرتے رہیں گے۔اعلامیے میں متعلقہ افسر کے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا اور موثر کارروائی نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ شہر بھر تک پھیلا دیا جائے گا اور شٹر ڈاؤن ہڑتال سمیت دیگر اقدامات بھی زیر غور لائے جائیں گے

مزید خبریں

آپ کی راۓ