شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ان کے ملک کے خلاف اعلان جنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ شمالی کوریا امریکی بمبار طیاروں کو مار گرانے کا حق رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی صورت میں بھی ہوسکتا ہے جب وہ شمالی کوریا کی فضائی حدود میں نہ ہوں۔
ری یونگ ہو کا کہنا تھا کہ دنیا کو ’اچھی طرح سے یاد رکھنا چاہیے‘ کہ امریکہ نے پہلے اعلان جنگ کیا ہے۔خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے مابین لفظوں کی جنگ میں شدت آئی ہے۔
کئی ہفتوں سے جاری اس تناؤ کے باوجود ماہرین کی جانب سے دونوں ممالک کے مابین براہ راست تصادم کے خطرہ کو زیادہ نہیں ابھارا گیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکہ کے محکمۂ دفاع پینٹاگون کا کہنا تھا کہ امریکی بمبار طیاروں نے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے شمالی کوریا کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ’خودکش مشن’ پر ہیں۔
سنیچر کو شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کی جنرل اسمبلی میں کئی گئی تقریر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘مسٹر ٹرمپ ذہنی طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ان پر طاقت کا خبط سوار ہے اور وہ اس ناقابل واپس غلطی کو ناگزیر بنا رہے ہیں کہ شمالی کوریا امریکی سرزمین کو راکٹوں سے نشانہ بنا سکتا ہے۔’
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کی تقریر کے جواب میں کہا تھا کہ اگر وہ اپنی جذباتی بیان بازی یوں ہی جاری رکھتے ہیں تو پھر مسٹر ری اور کم بہت دیر تک نہیں رہیں گے۔