بہاولپور میں ڈولفن اسکواڈ تعینات

833

صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد چنڑ نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو سو فیصد یقینی بنانے اور اسٹریٹ کرائم کے موثر سدباب کے لیے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر بہاول پور میں ڈولفن اسکواڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔ جو شہر میں پیشہ وارانہ مہارت اور جدید پولیسنگ کا عملی نمونہ پیش کریں گے یہ بات انہوں نے پولیس لائن بہاول پور میں ڈولفن اسکوڈ کی تعیناتی کے حوالے سے منعقد افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔ اقبال چنڑ نے بتایا کہ دو سال قبل خادم پنجاب شہباز شریف نے بہاولپور میں ڈولفن اسکواڈ تعینات کرنے کی خصوصی درخواست کی گئی تھی جس پر ان کی خصوصی ہدایت پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا اور آج اس وعدہ کی تکمیل کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر تقریب میں چیرمین ضلع کونسل شیخ دلشاد ، ڈپٹی میئر ملک منیر اقبال چنڑ، صدر چیمبر آف کامرس اعجاز ناظم، ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود وارن، ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا محمد سلیم افضل ، صدر انجمن تاجران حافظ محمد یونس، سول سوسائٹی کے اراکین، ڈرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت پولیس افسران اور جوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈولفن اسکواڈ کے لائحہ عمل میں افادیت سے متعلق شرکاء کو اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈولفن اسکواڈ اکانوے جوانوں پر مشتمل دستہ ہے جس میں آٹھ اپر سب آرڈی نیٹ اور تراسی لوئر سب آرڈی نیٹ شامل ہیں۔ ڈولفن اسکواڈ کے جوان ایک شفٹ کے دوران بیس جدید ہیوی بائیکس پر پٹرولنگ کریں گے اور جدید آتش اسلحہ سے لیس ہوں گے۔ آر پی او نے بتایا کہ ڈولفن اسکواڈ کے پاس پنتالیس جدید ہیوی بائیکس ، جدید رائفل ایم پی فائیو اور پسٹل ہو گا۔ تقریب میں ڈولفن  اسکواڈ کے جوانوں نے اپنے مخصوص انداز میں مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی اور بعد ازاں شہر میں ڈولفن اسکواڈ نے فلیگ مارچ کیا۔

 

 

مزید خبریں

آپ کی راۓ