
زیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قطر سے معاہدے کی تمام معلومات ہر پبلک فورم پر موجود ہےاور آج ملک میں گیس ہر کنزیومر کو ہر وقت دستیاب ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دنیا کے سب سے اچھی اور سستی بجلی فراہم کرنے والے پاور پلانٹ لگائےاور جس قیمت پرہم نے اپنے ملک کے لیے ایل این جی حاصل کی، دنیا میں کوئی ملک نہیں کر سکتا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس سال ہم نے اپنی ضرورت پوری کرنے کے بعد 7لاکھ ٹن کھاد برآمد کی، ایک وقت تھا جب ہم10لاکھ ٹن فرٹیلائزر برآمد کررہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سب سے سستی بجلی دے رہے ہیں ،2013ء میں سی این جی اسٹیشنز اور پاور ہاؤس بند تھےتاہم اب تو کارخانے بھی چل پڑے ہیں اور گیس بھی میسرہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ قطر ایل این جی کا پریمیر سپلائر ہے، آج ملک میں گیس وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ ایل این جی پر قطر کے ساتھ 14 ماہ بات چیت ہوئی اور معاہدہ میری نگرانی میں ہوا، ہربات کا میں ذمہ دار ہوں اور اگر ہم چاہیں تو معاہدے کو 10 سال میں ختم کرسکتےہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قطر کے ساتھ ہونے والا معاہدہ دنیا میں سستا ترین ہے،گزشتہ حکومت معاہدے کرنے میں ناکام ہوئی جبکہ ہم نے20ماہ میں ملک میں ایل این جی کی فراہمی شروع کردی ۔