
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرگودھا میں پی اےایف بیس مصحف کا دورہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی اے ایف بیس مصحف کے ا یئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس میں جاری کثیرالقومی مشقیں دیکھیں،انہیں اے سی ای ٹریننگ اور مشق کی اہمیت پر بریفنگ دی گئی۔
ان مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز کے حوالے سے جدید تصورات کو یکجا کرنا ہے۔
کثیر الملکی فضائی مشقوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی شریک ہوئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتےہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے انسداد دہشت گردی آپریشنز میں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ کن کامیابیوں کے لیے زمینی آپریشنز کے ساتھ فضائی آپریشنز بھی ایک ساتھ کرنے ہوں گے۔
ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے ایئر پاور سینٹر بنانے کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے تجربات سے دوست ممالک کو آگاہ کرنا ہے۔
سہیل امان نے یہ بھی کہا کہ دنیا کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال کے باعث ضروری ہے کہ ہم مختلف ممالک کو ساتھ لے کر چلیں۔