خواجہ آصف: قومی مفادات پے رتی برابر بھی سمجھوتہ نہیں

661

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی مفاد پر رتی برابر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان نے امریکا پر واضح کر دیاکہ پورا تعاون فراہم کریں گے،لیکن کسی کی ناکامی کا ملبہ قبول نہیں، کینیڈین خاندان کی بازیابی کے معاملےنے اہم کردار ادا کیا،اب امریکی لب و لہجے میں تبدیلی آئی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پرملاقات کا کہا،ہم نے ماحول دیکھ کرمعذرت کر لی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ بھی ملاقات اچھی رہی، امریکی وزیر دفاع نے ملاقات میں کہا کہ ہم آپ پر اعتبار نہیں کرتے، میں نے جواب دیا ہمیں بھی آپ پر اعتبار نہیں، امریکی تھنک ٹینک سے خطاب میں کھل کر باتیں کیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی صورتحال بہت بہتر ہے اور ڈرون حملے اب ختم ہو چکے ہیں۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ سینیٹر جان مکین نے ویتنام کی مثال دی جس پر میں نے جواب دیا کہ ویتنام میں امریکا کو بھاگنا پڑا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ امریکا کے ساتھ شفاف تعلقات چاہتے ہیں، امریکی لب و لہجے میں تبدیلی آئی ہے، ہم پاک امریکا تعلقات کے لیے پارلیمنٹ سے رہنمائی لیں گے، مشرف دور میں جو کچھ ہوا وہ ہماری تاریخ کا سیاہ باب ہے، پارلیمنٹ کو باہر رکھ کر تعلقات رکھنے کے نتائج بہت بھیانک ہیں۔

وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ مہاجرین کے بھیس میں طالبان پاکستان آسکتے ہیں، افغانستان میں ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ کا گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف ہے، دہشت گرد پاکستان میں بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جس کے لیے 9 افغان خود کش حملہ آوروں کو پاکستان میں داخل ہوتے گرفتار کیا گیا۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ