چند صحافی، مایوس سیاستدان اور ریٹائرڈ فوجی تصادم چاہتے ہیں: احسن اقبال

566

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مایوس سیاستدان، ریٹائرڈ فوجی اور کچھ صحافیوں پر مشتمل ایک ٹرائیکا پاکستان مسلم لیگ (ن) اور فوج کے درمیان تصادم چاہتا ہے۔لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بیرونی قرضے پاکستان کے لیے فائدہ مند ہیں جس سے ملک میں توانائی کے شعبے سمیت دیگر شعبوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہو رہی ہے اور صنعتی پیداروار میں اضافہ ہورہا۔ حکومت نے قرضے عیاشی یا خسارے کے لیے نہیں بلکہ ملک کی بہتری کی خاطر لیے ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک کی ترقی کی شرح بڑھ رہی ہے جبکہ پاکستان میں گزشتہ تین سالوں کے دوران مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں اضافہ ہوا ہے اور اس اضافے کے ساتھ ہی قرض لینے کی صلاحیت بھی بڑھ جاتی ہے۔کسی بھی معیشت کے لیے استحکام اور امن بہت ضروری ہوتے ہیں لہٰذا جو کوئی پاکستان کے استحکام کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا تو وہ اس کی ترقی کا دشمن ہوگا۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی سیاست صرف (ن) لیگ کی وجہ سے ہے تاہم ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ (ن) لیگ ایک اسٹین لیس اسٹیل میں ڈھل چکی ہے لہٰذا پارٹی پر نقب لگانے کی کوشش بند کی جائے۔

مزید خبریں

آپ کی راۓ