
قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات قانون کے حلف نامہ میں ختم نبوت کی متنازعہ ترمیم کے پیچھے سازش کرنے والوں کو جلد بے نقاب کیا جائے گا، قانون میں جو کمزوری رہ گئی ہے، اسے آئندہ اجلاس میں ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں امریکہ میں ختم نبوت کے معاملے کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو تشویش زدہ ملک قرار دینے کی سازش کی جا رہی ہےنیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پاک و ہند کے نامور صحافی، خطیب اور دانشور آغا شورش کشمیری کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقدہ ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ آغا شورش کشمیری سے تعلق اور تحریک ختم نبوت کیلئے لڑے گئے مقدمات ان کی زندگی کا اثاثہ ہیں، انتخابی اصلاحات قانون میں ہونے والی تبدیلی کو واپس لے لیا گیا ہے جو کمی رہ گئی ہے اسے بھی قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ختم کر دیا جائے گا اور جلد ذمہ داروں کے نام بھی سامنے لے آئیں گے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے افغانستان میں اغواء ہونے والے پاکستانی انجینئر ملک فیض احمد کو رہا کروانے اور احمد نورانی پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا۔