
پنجاب کے محکمہ ماحولیات (ای پی ڈی) نے وفاقی حکومت سے سرحد پار کسانوں کی جانب سے فصل کی کٹائی کے بعد بچ جانے شاخوں کو جلانے کا معاملہ بھارتی حکام کے سامنے اٹھانے کی درخواست کردی۔ای پی ڈی کے مطابق بھارتی پنجاب میں فصل کی کٹائی کے بعد بچ جانے والی شاخوں کو جلانے کی وجہ سے پاکستانی پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں دُھند بڑھ رہی ہے۔صوبائی محکمہ ماحولیات نے خبردار کیا کہ آئندہ 15 روز میں دُھند کی شدت انسانی برداشت سے باہر ہوجائے گی جس کی بڑی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات جلانا ہے جس سے بڑی تعداد میں دھواں پیدا ہورہا ہے۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی پنجاب میں بھی فصلوں کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات کو جلانے کا عمل جاری ہے تاہم بھارتی کھیتوں میں اس کے جلانے کی سطح خطرناک حد تک زیادہ ہے۔