
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے منگل 7 نومبر تک ملتوی کردی۔
آج سماعت کے آغاز پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کی کاپی موصول نہ ہونے پر سماعت میں 15 منٹ کا وقفہ لیا گیا جس کے تھوڑی دیر بعد احتساب عدالت کے جج نے سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے تک دلائل نہیں سن سکتے۔
عدالت نے آج کیس میں ایس ای سی پی کے 2 گواہان کو طلب کیا تھا تاہم ان کی طلبی کا حکم نامہ بھی معطل کردیا گیا اور اب اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے معطل کی جانے والی درخواستوں پر فیصلہ ہوگا۔
نواز شریف کی جانب سے حاضری یقینی بنانے کے لیے مچلکے داخل کرا دیئے گئے جب کہ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی ہائیکورٹ میں درخواست ہے اور عدالت عالیہ کے فیصلے پر اہم قانونی نکات ہیں جن پر عدالت کی معاونت کرنی ہے لہٰذا وقت دیا جائے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف3 جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایک ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں