
بہاولپور
ضلعی انتظامیہ بہاول پور کی جانب سے ڈینگی آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا تاکہ عوام میں شعور و آگاہی بیدار کی جا سکے۔ڈینگی آگاہی واک فرید گیٹ سے ڈپٹی کمشنر آفس تک کی گئی۔ آگاہی واک میں محکمہ صحت، تعلیم، بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر محکمہ جات کے متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔واک کے شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں بینرز تھام رکھے تھے جن پر ڈینگی مچھر سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر اور ڈینگی بخار کے سدباب وعلاج معالجہ کے حوالہ سے اہم ہدایات درج تھیں۔بینرز پر درج تھا کہ گھروں کے اطراف میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ ٹب بالٹی اور ڈرم یا پانی کی ٹینکی کا پانی ڈھانپ کر رکھیں۔ رات کو سوتے وقت مچھر مار کوائل ، میٹ یا مچھر دانی کا استعمال یقینی بنائیں۔گھروں کے اندر پودوں اور گملوں میں پانی جمع یا کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ڈینگی آگاہی واک کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان علی جمالی نے کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد دانش بھی ان کے ہمراہ تھے۔