
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم وقت پر نہ ہوئی تو انتخابات کی منزل دور جاسکتی ہے۔
جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگومیں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جلسے کرنے والے عمران خان کو اور سیاست کے آئن اسٹائن آصف زرداری کو ایک مشورہ دینا چاہتا ہوں ،جلسے بعد میں کرلینا ، پہلے ہمارے ساتھ مل کر نئی مردم شماری کےبعد ضروری آئینی ترمیم کرلو۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب کی 9نشستیں کم ہونے کے باوجود مردم شماری کے نتائج کو خوش دلی سے تسلیم کیا،ن لیگ نےکسی سےمحاذ آرائی نہیں کی نہ ایساایجنڈاہے،انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب سے ملنے کے لیے بے تاب نہیں،جولڈوبانٹ رہے ہیں وہ ہمیں چاہیے بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہانے کسی اور کے ہاتھ دینے کی ضرورت نہیں،ضروری آئینی ترمیم کرلیں تاکہ ملک میں عام انتخابات وقت پر ہوسکیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے پی ٹی آئی اور پی پی کا رویہ قابل فہم نہیں ، یہ مشتبہ رویہ ہے جمہوری نہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مردم شماری کےبعد نشستوں میں ردو بدل ہوا تو آئینی ترمیم ضروری ہوں گی،پارلیمنٹ نے مطلوبہ وقت میں درکار ترمیم نہ کی تو عام انتخابات کی منزل دور جاسکتی ہے،معاملہ طول پکڑ گیاتو الیکشن وقت پر نہیں ہوسکیں گے۔