
صوبہ بلوچستان میں اخبارات کے اشتہارات پر پابندی لگائے جانے کے حوالے سے حکومت اور اخبار مالکان کے درمیان تنازع ایک بار پھر سامنے آیا ہے۔
اخباری مالکان کے مطابق اشتہارات پر پابندی لگانا اخباروں کا گلہ گھوٹنے کے مترادف ہے جبکہ حکومت کا موقف ہے کہ اس نے اشتہاروں پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی ہے۔
اخبار مالکان کے مطابق حکومت نے بلوچستان سے شائع ہونے والے اردو کے تین اخباروں کے اشتہارات بند کر دیے ہیں۔ جن اخبارات کے اشتہارات مبینہ طور پر بند ہوئے ہیں ان میں روزنامہ انتخاب، روزنامہ بلوچستان ایکسپریس اور روزنامہ آزادی شامل ہیں۔
بلوچستان میں گذشتہ چند ماہ کے دوران اخباری مالکان اور حکومت کے درمیان اخباروں پر لگائی گئی پابندی کے حوالے سے کئی مذاکرات ہوئے جبکہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر مظاہرے بھی ریکارڈ کروائے گئے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوۓ روزنامہ انتخاب کے مدیر اور پبلشر انور ساجدی نے بی بی سی کی نامہ نگار سحر بلوچ کو بتایا کہ روزنامہ انتخاب اور روزنامہ آزادی کا شمار بلوچستان کے بڑے اخبارات میں کیا جاتا ہےـ