
کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں قائم مقام ایس پی انوسٹی گیشن محمد الیاس، ان کی اہلیہ اور بیٹے سمیت خاندان کے چار افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ڈپٹی انسپکٹرجنرل (ڈی آئی جی) پولیس عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ ‘مسلح افراد نے قائم مقام ایس پی انوسٹی گیشن محمد الیاس کی گاڑی کو نواں کلی کے علاقے میں نشانہ بنایا’۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس افسر کے علاوہ ان کی اہلیہ، بیٹے اور پوتی گاڑی میں ہی جاں بحق ہوچکی تھیں جبکہ فائرنگ کی ذد میں آنے والے ایک راہ گیر زخمی ہوگئے۔
عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور واقعے کے فوری بعد فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔
وزیراعلیٰ بلو چستان ثنااللہ زہری نے پولیس افسر کی گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کی اور بیٹے اور اہلیہ سمیت ان کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس افسر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دے دیا۔