میاں نواز شریف جیل میں کونسے ٹی وی چینلز دیکھ رہے ہیں؟ جانئیے میاں نواز شریف سے ملاقات کرکے آنے والی وکلا کی ٹیم میں شامل ایک وکیل نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ جب سنیچر کے روز ان کی میاں نواز شریف سے ملاقات ہوئی تو اُنھوں نے بتایا کہ جیل کی انتظامیہ نے اُنھیں ایک عدد ٹی وی فراہم کیا ہے جو کہنے کو تو کلر ٹی وی ہے لیکن اس کے رنگوں کا پتہ نہیں چلتا اور نہ ہی وہاں پر کوئی چینل آتا ہے۔ اس وکیل کے بقول سابق وزیر اعظم نے جب جیل کے حکام سے کہا کہ ٹی وی پر کچھ نظر نہیں آرہا تو ٹی وی کی ٹوینگ کی گئی جس کے بعد صرف دو چینل ہی آئے جن میں سے ایک پی ٹی وی ہوم اور دوسرا پی ٹی وی سپورٹس تھا۔ اس وکیل کے بقول میاں نواز شریف نے جب جیل کے اہلکار سے پوچھا کہ کوئی اور چینل بھی ہے جس پر اہلکار کا کہنا تھا کہ ‘سر صرف پی ٹی وی ہوم اور پی ٹی وی سپورٹس کی اجازت ہے۔’ پی ٹی وی ہوم پر ڈرامے اور کھانا بنانے کے پروگراموں کے علاوہ کچھ مذہبی پروگرام بھی دکھائے جاتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم کے بقول اس ٹی وی کی ریسپشن اتنی خراب ہے کہ اس سے آنکھیں متاثر ہوتی ہیں۔