پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے قریبی دوست، زلفی بخاری کا نام اگزٹ کنٹرول لسٹ (اِی سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔
نیب سربراہ کے مطابق، ادارہ عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس کے لیے، ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے سے روکنے کی سفارش کی گئی تھی۔
جون میں زلفی بخاری عمران خان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے کہ امیگریشن حکام نے ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث بیرون ملک سفر سے روک دیا تھا۔ تاہم، کچھ دیر بعد ہی ان کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کو عمرے پر جانے کے لئے چھ دن کا استثنیٰ دیا تھا۔ جس کے بعد نگراں وزیر اعظم ناصر الملک نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی ساتھی کے معاملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔