اسرائیلی طیارہ پاکستان آیا یا نہیں، دو ہفتے ہونے کو آئے مگر یہ قضیہ کسی طور ختم نہیں ہو رہا۔ حکومت تو مسلسل اس بات کی تردید کررہی ہے کہ کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستان آیا، لیکن اب نیوز ویب سائٹ ’مڈل ایسٹ آئی‘ نے عینی شاہدین کے حوالے سے یہ دعویٰ کر دیا ہے کہ اسرائیلی طیارہ واقعی پاکستان آیا تھا۔
تازہ ترین رپورٹ میں نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ نام خفیہ رکھنے کی شرط پر ایک پائلٹ نے بتایا ہے کہ 24 اکتوبر کے روز بز جیٹ (BizJet) کی پرواز اُن سے آگے تھی اور یہ کہ اس پرواز نے راولپنڈی کے نور خان ائیربیس پر لینڈنگ کی۔ نیوز ویب سائٹ نے یہ دعوٰی بھی کیا ہے کہ ائیربیس پر تعینات تین اہلکاروں نے بھی پائلٹ کی بات کی تصدیق کی ہے۔ یہ دعوٰی بھی کیا گیا ہے کہ مذکورہ اہلکاروں میں سے ایک نے بتایا کہ اُس نے ایک گاڑی کو دیکھا جو ہوائی جہاز سے اترنے والے ایک وفد کو لے کر گئی اور کئی گھنٹے بعد وہ لوگ واپس آئے۔ یہ کون لوگ تھے اور کس مقصد سے پاکستان آئے تھے، اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔
واضح رہے کہ 25 اکتوبر کے روز اسرائیلی اخبار ’ہارٹز‘ کے ایڈیٹر ایوی شارف نے یہ دعویٰ کرکے کھلبلی مچادی تھی کہ ایک اسرائیلی طیارہ ممکنہ طور پر پاکستان آیا تھا۔ انہوں نے ایک پرواز کے تل ابیب سے اسلام آباد تک فضائی روٹ کا نقشہ بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔ صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ طیارہ 10 گھنٹے تک اسلام آباد میں رہا۔ اس دعوے کو نہ صرف پاکستانی سول ایوی ایشن نے بلکہ حکومت نے بھی بے بنیاد اور جھوٹی خبر قرار دے کر رد کردیا تھا۔
https://www.middleeasteye.net/news/exclusive-airport-staff-confirm-israeli-plane-landed-
pakistan-553677754