نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر

596

العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے جس کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ تشکیل دیدیا گیا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق ڈویژن شامل ہیں جو  7 جنوری بروز پیر کو نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے تیسری بار دائر کی گئی تھی۔

اس سے قبل احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف یکم جنوری کو اپیل دائر کی گئی تھی جس میں نواز شریف کی سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی اپیل کی گئی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے درخواست کو نامکمل قرار دے کر واپس کردیا تھا۔

بعد ازاں نواز شریف کے وکلاء نے 3 جنوری کو درخواست کو مکمل کرکے ایک بار پھر دائر کیا تاہم رجسٹرار نے گذشتہ روز دوسری بار سابق وزیراعظم کی اپیل پر اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں

آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے چین کے شہر تیانجن میں  پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہا کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ آذربائیجان کے...

آپ کی راۓ