سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے اپنے پہلے دو روزہ دورے پر اتوار کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں اطلاعات کے مطابق وہ تقریباً 10 ارب ڈالر کی مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کریں گے۔ ان کے ہمراہ سعودی تاجروں کا ایک 40 رکنی وفد بھی ہو گا۔
پاکستان کی خواہش ہے کہ سعودی ولی عہد کے اس اہم دورے کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور یہ باہمی تجارت اور سفارتی تعلقات میں مزید مضبوطی کا پیش خیمہ ثابت ہو۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بھی سوچ کچھ اس طرح کی ہی ہے۔ وہ سعودی عرب کی معیشت میں انقلابی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انھوں نے تیزی سے کئی منصوبے شروع کیے ہیں۔