ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو گزشتہ روز کیمپ جیل لاہور سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے حنیف عباسی کے حق میں نعرے لگائے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ لاہور ہائیکورٹ آفس نے حنیف عباسی کے مچلکوں کی تصدیق ہونے کے بعد روبکار جاری کر دی تھی۔ روبکار وصول کرنے کے بعد حنیف عباسی کو کیمپ جیل سے رہا کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ حنیف عباسی رہائی کے بعد راولپنڈی جائیں گے جہاں وہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ حنیف عباسی نے رہائی ملنے کے بعد حضرت داتا علی ہجویری کے دربار پر حاضری دی۔حنیف عباسی نے اسیری کے دوران اڈیالہ جیل راولپنڈی، کوٹ لکھپت جیل اور کیمپ جیل میں بھی سزا کاٹی اور 8 مہینے اور22 روز بعد ضمانت پر رہاکئے گئے ہیں۔