
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی۔
سینیٹ میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو نے پر ووٹوں کی گنتی کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر بیرسٹر سیف نے اعلان کیا کہ قرار داد کے حق میں 50 ووٹ ڈالے گئے جو مطلوبہ تعداد کو پورا نہیں کرتے لہٰذا قرار داد مسترد ہو گئی۔
چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرار داد پر کل 100 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 4 مسترد ہوئے۔
سینیٹر بیرسٹر سیف نے اجلاس کی صدارت کی، وہ پریزائیڈنگ آفیسر بھی ہیں۔
سینیٹ اجلاس سے قبل معمول کی گھنٹیاں بجائی گئیں، پریزائیڈنگ آفیسر بیرسٹر سیف نے قائدِ ایوان راجہ ظفرالحق کو تحریک پیش کرنے کی اجازت دی، جس کے بعد راجہ ظفرالحق نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کی۔