وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص جماعت نے میرے بیان کو وائرل کر کے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا ہے۔میرپور میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران انہوں نے کہا کہ میرے کچھ سوشل میڈیا ساتھیوں اور کچھ الیکٹرانک میڈیا نے میرے بیان کو زلزلے کے بیان کے ساتھ جوڑا اور یہ اینگل دیا کہ یہ حکومتی ترجمان کا زلزلے کے متاثرین کے حوالے سے بیان ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں اس کی نا صرف مذمت کرتی ہوں بلکہ ایک مخصوص جماعت نے اپنے میڈیا سیل کے ذریعے میرے بیان کو وائرل کرکے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا۔ جو متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک پاشی کررہے ہیں یہ نہایت قابل افسوس ہے۔