لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرونِ ملک جانے کی مشروط حکومتی اجازت کے خلاف دائر درخواست پر سماعت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شہباز شریف سے اس بات کی تحریری یقین دہانی کا مسودہ طلب کیا ہے کہ نواز شریف علاج کے بعد وطن واپس آئیں گے۔
سماعت کے دوران شہباز شریف روسٹرم پر آئے تو عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے؟ جس پرشہباز شریف نے جواب دیا ’انشاءاللہ‘۔
عدالت نے شہباز شریف سے پوچھا کہ آپ کا انھیں ملک واپس لانے میں کیا کردار ہو گا؟ جس پر شہباز شریف نے بتایا کہ میں ان کے ساتھ بیرون ملک جا رہا ہوں اور وہ علاج کے بعد واپس آئیں گے۔