چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی طرف سے سنگین غداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کے لیے فل بنچ بنا دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کا تین رکنی فل بینچ آئندہ ماہ نو جنوری سے سابق فوجی صدر کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ تین رکنی فل بینچ کے سربراہی ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کریں گے۔
صحافی عباد الحق کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم احمد خان نے تین رکنی بینچ تشکیل دیا ہے جس کے دیگر ارکان میں جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس مسعود جہانگیر شامل ہیں
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے عین اس دن فل بنچ بنانے کی سفارش کی تھی جس دن خصوصی عدالت نے سابق آرمی چیف کو آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت موت کی سزا سنائی تھی۔
سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے سابق گورنر پنجاب خواجہ احمد طارق رحیم کے توسط سے درخواست دائر کی جس میں سنگین غداری کے الزام میں اُس وقت سماعت کرنے والی عدالت کی تشکیل کو چیلنج کیا تھا۔
گزشتہ سماعت کے دوران خواجہ احمد طارق اور اُن کے معاون وکیل اظہر صدیق نے اعتراض اٹھایا تھا کہ سابق جنرل کے خلاف خصوصی عدالت کی تشکیل کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کا تین رکنی فل بنچ سابق آرمی چیف کی درخواست کے قابل سماعت ہونے
کے بارے میں فیصلے کرے گا۔
بی بی سی